دبئی، 17جنوری (آئی این ایس انڈیا) دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) رواں سال ہائبرڈ گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے’لندن ٹیکسی‘ ماڈل سروس کا آغاز کر رہی ہے۔ دبئی ٹیکسی کارپوریشن [ڈی ٹی سی] کے مطابق درمیانے سائز کے ساتھ کالے رنگ کی یہ نئی ٹیکسی انگلینڈ کے دارالحکومت میں لندن کیب سے مشابہ ہے۔
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی’دبئی ٹیکسی کارپوریشن‘ آزمائشی بنیادوں پر فروری سے ’لندن ٹیکسی ‘ سروس کا آغاز کرے گی۔ یہ ٹیکسی سروس دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دستیاب ہوگی۔
اس امر کا اظہار روڈز ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز کے چیئرمین مطر محمد الطایر نے ’’ڈی ٹی سی‘‘ کے دورے کے موقع پر کیا جہاں انہوں نے کارپوریشن کی 2020 میں کارکردگی اور امسال شروع کئے جانے والے منصوبوں کا جائزہ لیا۔
انہیں لندن ٹیکسی کی اندرونی خصوصیات کے بارے میں بریف کیا گیا جو منفرد اور کشادہ ہے ۔ یہ سواریوں کو کھلی جگہ اور علیحدہ کیبن میں 6 نشستیں فراہم کرتا ہے۔ نئی سروس دبئی میں ٹیکسی سروس کو مزید بہتر بنانے سے متعلق ’’آر ٹی اے‘‘کے منصوبے کا حصہ ہے۔
الطایر کو ’’لندن ٹیکسی‘‘ کی تکنیکی خصویات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ ڈبل انجن پر مشتمل اس گاڑی کو مختلف موسمی حالات میں بہتر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے گا۔ اس میں تیز رفتار بریکنگ نظام اور انجن چلانے کے لیے ایسی بیٹری موجود ہے جو تیز رفتار چارجنگ کی بدولت 30 منٹ میں اور عام چارجنگ سسٹم کے ذریعے 3 گھنٹے میں چارج ہو جاتی ہے۔
ٹیکسی میں سیٹلائٹ پر مبنی نیوی گیشن نظام، وائس کمانڈ سسٹم، سامنے سے تصادم کا انتباہی نظام، بلائنڈ سپاٹ مانیٹرنگ سسٹم اور لین ڈپارچر مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ ساتھ وائی فائی نیٹ ورک بھی موجود ہے۔
ان ٹیکسیوں میں ڈرائیوروں کی غلطیوں کے سد باب کے لئے جدید آلات نصب کئے گئے ہیں۔ ان میں ہنگامی صورتحال میں کنٹرول سینٹر کے ذریعے گاڑی کو روکنے کا نظام ، بیک اپ ٹریکنگ سسٹم اور نظام الاوقات شامل ہیں۔ اس ٹیکسی سروس کا آغاز القوز اور مینا راشد سٹیشنوں پر بھی کیا گیا ہے تاکہ ان دونوں سٹیشنوں کی آپریشنل کارکردگی مصروف اوقات میں 83 فیصد تک بڑھائی جا سکے۔